جماعت اسلامی کا کے الیکٹرک کیخلاف کل احتجاج کا اعلان
کے الیکٹرک کی زیادتیوں کیخلاف جماعت اسلامی میدان میں آگئی،کل شہرکے 100 مختلف مقامات پراحتجاجی مظاہرے اورہفتے کو شارع فیصل پردھرنے کا اعلان کردیا گیا۔
حافظ نعیم الرحمان کہتے ہیں کراچی کا اہم ترین مسئلہ لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ ہے، بارش شروع نہیں ہوتی اور بجلی چلی جاتی ہے،کے الیکٹرک انتظامیہ شہریوں کو ریلیف دینے میں ناکام ہوگئی۔
ادارہ نورحق کراچی میں نیوزکانفرنس میں امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی زیادتیوں، بدترین لوڈ شیڈنگ اوراووربلنگ کیخلاف جماعت اسلامی کے تحت کل شہربھرمیں سومقامات پرمظاہرے اورہفتے کے روزشارع فیصل پر دھرنا دیا جائے۔
انہوں نے کراچی کے شہریوں سے دھرنے میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ۔
انہوں نے کہا کے الیکٹرک 26لاکھ صارفین کو بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی، کے الیکٹرک کالائسنس کینسل کرکے فوری طور پر قومی تحویل میں لیا جائے، پی ٹی آئی،ایم کیوایم، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی حکومتوں میں کے الیکٹرک حکومت کے ساتھ مل کر عوام کو لوٹتی رہی ہے ۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا حکومت کے الیکٹرک پرسوئی گیس اور دیگر اداروں کے واجب الادا اربوں روپے قومی خزانے سے دے کر کے الیکٹرک کو فرارکرانا چاہتی ہے۔
کے الیکٹرک سی ای او مونس علوی 56لاکھ تنخواہ لے کرشہر میں لوڈشیڈنگ نہ ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں،حکومت کا کے الیکٹرک کی بدترین کارکردگی کے باوجودمرضی کے ٹیرف منظورکرنا انتہائی افسوسناک ہے۔