ملک کو اتنا نقصان کبھی نہیں پہنچاجتنا اس حکومت نےپہنچایا،سعید غنی
کراچی :وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے وزیراعظم عمران خان کو دوسرا پاکستانی ٹرمپ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ملک کو اتنا نقصان کبھی نہیں پہنچا جتنا اس نااہل حکومت نے پہنچایا ہے۔
سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں صوبائی وزرا ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے پریس کانفرنس کی، سعید غنی کا کہنا تھا نالائق حکومت پاکستانی عوام کو دھوکا دے رہی ہے، ملک کو اتنا نقصان کبھی نہیں پہنچا جتنا اس نااہل حکومت نے پہنچایا۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گندم کا شدید بحران ہے، پٹرول کا بحران پیدا کیا گیا، پاکستان کےعلاوہ پوری دنیا میں پٹرول ملتا رہا، پوری دنیا میں پی آئی اے کے آپریشن پر تقریباً پابندی لگا دی گئی ہے، قومی ایئر لائن کو زمین بوس کردیا گیا ۔
وزیرتعلیم سندھ نے وزیراعظم عمران خان کو دوسرا پاکستانی ٹرمپ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ٹرمپ نے کہا تھا ٹیسٹ کرنا چھوڑ دیں کورونا ختم ہو جائے گا تو انہوں نے ٹیسٹ کرنا ہی کم کر دیئے ، اس لئے ہم کہتے ہیں ایک امریکی ٹرمپ اور دوسرا پاکستانی ٹرمپ ہے۔
سعید غنی نے دعویٰ کیا کہ شوکت خانم کے تین ملین ڈالر علی زیدی نے اپنے اکاؤنٹ میں ڈلوائے، وزیرتعلیم سندھ نے وفاقی وزیر کو مناظرے کا چیلنج دے دیا۔
صوبائی وزیرسعید غنی کا کہنا تھا حکومت نے جہانگیر ترین کو بیرون ملک فرار کروایا گیا، ایم کیو ایم حکومت کی اتحادی تھی، سانحہ بلدیہ کی جے آئی ٹی غائب کردی گئی، ہم نے ذوالفقار مرزا کا گند صاف کرنے کی کوشش کی۔
وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے نالوں کی صفائی کیلئے پلان مرتب کرلیا ہے۔
ناصر شاہ نے مزید کہا کہ کراچی میں نالوں کی صفائی اگست کے آخری ہفتے تک مکمل ہوجائے گی، نالوں کے چوکنگ پوائنٹس کلیئر کئے جائیں گے۔
پریس کانفرنس میں پیپلز پارٹی کے دیگر عہدیداران بھی شریک تھے۔
