پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش،موسم خوشگوار
پنجاب میں گرمی پر بادل برس پڑے، اسلام آباد،لاہور اور خانیوال سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید برسات کی پیشگوئی کردی۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ ہی لوگوں کے چہروں پر خوشیاں لوٹ آئیں، پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح لاہور میں بھی گزشتہ رات ہونے والی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔
خوشگوار موسم نے ہر عمر کے لوگوں کو پارکوں کا رخ کرنے پر مجبور کر دیا،بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی کے دوران صبح سویرے بڑی تعداد میں لاہور کے باسیوں نے پارکوں کا رخ کیا، جن میں بچے، بوڑھے، جوان اور خواتین شامل تھیں۔
بڑی عمر کے افراد ناشتے کے ساتھ گانے گاکر موسم کا لطف اٹھاتے رہے،پارک میں آئے افراد ٹولیوں کی شکل میں بیٹھے اور کھیلوں میں مشغول نظر آئے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے خوشگوار موسم میں لوگوں کو گھروں کی بجائے پارکوں میں سیر کیلئے آنا چاہیئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 3روز تک لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
