کے الیکٹرک کے صارفین کےلئے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ موخر
کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی نے کراچی میں کے الیکٹرک کے صارفین کےلئے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ موخر کر دیا ۔ وزیر اعظم کی کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے مسئلہ ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیرِاعظم کی زیر صدارت کے الیکٹرک ٹیرف اور گیس کی قیمتوں کے تعین کے نظام سے متعلقہ امور پر غور کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزراء اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔
کے الیکٹرک سے متعلقہ ٹیرف میں اضافے کی تجویز پر غور کرتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال جنوری میں نیپرا کی سفارشات کے مطابق ملک بھر میں ٹیرف میں اضافہ کیا گیا تھا تاہم کے الیکٹرک کے ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے وفاقی حکومت کو اوسطاً تین سے چار ارب روپے ماہانہ کی سبسڈی دینا پڑ رہی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کے الیکٹرک ٹیرف کے حوالے سے تمام حقائق عوام کے سامنے رکھے جائیں اور کے الیکٹرک کےٹیرف کو ملک کے دیگر حصوں کے مطابق یکساں سطح پر لانے کے لئے مرحلہ وار اضافہ کیا جائے گا تاکہ عوام پر ایکدم اضافی بوجھ نہ پڑے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ ایل پی جی صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کی جائے تاکہ آبادی کے بڑے حصے کو کہ جو اپنی ضروریات کے لئے ایل پی جی استعمال کرنے پر مجبور ہیں ان کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ گیس کی قیمتوں میں تعین کے مسئلے کو پائیدار بنیادوں پر حل کرنے کے لئے اس اہم ایشو پر مشاورت کی جائے تاکہ اجتماعی حکمت سے اس مسئلے کا مستقل بنیادوں پر حل تلاش کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے ٹیرف میں اضافے کی تجویز اسد عمر اور امین الحق کی سفارش پر مسترد کرتے ہوئے کراچی میں لوڈشیڈنگ پر بھی نوٹس لیا اور کہا کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ کے معاملے پر کڑی نظر رکھی جائے۔