سنتھیارچی غیرقانونی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث نہیں،وزارت داخلہ

اسلام آباد:وفاقی وزارت داخلہ نے امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کی ملک...
اپ ڈیٹ 17 جولائ 2020 12:06pm

اسلام آباد:وفاقی وزارت داخلہ نے امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کی ملک بدری درخواست پراپنا جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادیا ، جس میں وزارت داخلہ نے سنتھیا ڈی رچی کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہا کہ وہ غیرقانونی اورریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث نہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کی ملک بدری سے متعلق پیپلز پارٹی کی درخواست پرسماعت کی، درخواست گزار چوہدری افتخارحسین اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے ۔

وزارت داخلہ نے امریکی شہری کے ویزہ سے متعلق حتمی رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔

وزارت داخلہ نے سنتھیا ڈی رچی کیخلاف کوئی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے امریکی شہری کو کلین چٹ بھی دے دی۔

وزارت داخلہ نے کہاکہ سیکیورٹی اداروں کی رپورٹ کے مطابق سنتھیا ڈی رچی غیرقانونی اورریاستی مخالف سرگرمیوں میں ملوث نہیں ،کورونا وائرس کے باعث غیرملکیوں کے ویزے میں 31اگست تک توسیع کی گئی،سنتھیا رچی31اگست تک قانون کے مطابق پاکستان میں رہ سکتی ہیں۔

وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ سنتھیا ڈی رچی نے ویزے میں توسیع کی الگ درخواست بھی دی ہے،31 اگست کے بعد ویزہ توسیع کی درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ کوفیصلےکی کاپی فریقین کوفراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے آئندہ جمعہ تک سنتھیا رچی کی ملک بدری سے متعلق درخواست پرحتمی دلائل طلب کرلئے ۔

Read Comments