اسرائیل کا ایرانی ملیشیاء کے اڈے پر حملہ، جانی نقصان
شام کے دارالحکومت دمشق میں مشتبہ اسرائیلی فضائی حملے میں ایرانی ملیشیاء کے جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
الجزیرا نے شام کے سرکاری ٹی وی کے حوالے سے بتایا ہے کہ شام کے فضائی دفاع نے پیر کے روز اسرائیل کے مشتبہ حملوں کی تازہ ترین لہر میں دارالحکومت دمشق کے قریب داغے گئے متعدد میزائلوں کو روکا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے میں ایران کی حمایت یافتہ ملیشیاء کے جنگی ساز و سامان کے اڈے کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایرانی جنگجوؤں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔
شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیلی میزائل گولن ہائیٹس کے اوپر اڑ رہے تھے جہاں دارالخلافہ دمشق کے اطراف کو نشانہ بناتے دیکھے گئے۔ فضائی حملے کی براہ راست فوٹیج میں دمشق کی فضاؤں میں دھماکوں کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ساری صورت حال پر اسرائیل کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فضائی حملہ جنوبی دمشق میں کیا گیا، شام کے ایک فوجی ترجمان نے سرکاری ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شامی فضائیہ نے جنوبی دمشق کے نواحی علاقوں کو نشانہ بنانے والے زیادہ تر اسرائیلی میزائلوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ نیوز رپورٹس کے مطابق ایک شامی تجزیہ کار زید الرئیس کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے جنگی ساز و سامان کے بڑے اڈے کا نشانہ بنایا ہے، متعدد داغے جانے والے میزائلوں سے ہونے والے دھماکے زوردار تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اطلاعات ہیں کہ اس حملے میں ایرانی جنگجو مارے گئے ہیں۔
تاہم خبر ایجنسی نے اپنی رپورٹس میں یہ بھی بتایا ہے کہ ایران کی حمایت کرنے والے علاقائی اتحاد کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ حالیہ فضائی حملوں میں ایران یا حزب اللہ کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔