پنجاب بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ، شہری پریشان
لاہور:پنجاب بھر میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے گرمی کم ہوگئی لیکن غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ نہ رک سکا،شہر کے مختلف علاقوں میں اوسطا 3 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 4 سے 5 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
حالیہ بارشوں سے گرمی کی شدت میں کمی کے باوجود لیسکو کے زیر انتظام علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
لوڈ شیڈنگ کے علاوہ بجلی کی بار بار کی ٹرپنگ کی وجہ سے بھی شہری بہت زیادہ پریشان ہیں۔
لاہور اور مضافات میں 3 سے چار 4 گھنٹے اور پنجاب کے دور دراز علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال شہروں کی نسبت زیادہ خراب ہے، شہریوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
لیسکو حکام کے مطابق حالیہ بارشوں سے موسم میں قدرے بہتری آنے سے بجلی کی مجموعی طلب میں کمی واقع ہوئی ہے، لہذا فی الحال لوڈ شیڈنگ کی ضرورت نہیں تاہم ہائی لاسز فیڈرز میں شیڈول کے مطابق لوڈ شیڈنگ جاری رہے گی۔
