چاندنظرآتے ہی فوادچوہدری نےرویت ہلال کمیٹی کےفیصلے پرسوال اٹھادیا
ذوالحجہ کا چاند نظر آتے ہی وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے پر سوال اٹھادیا۔
انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ 'کیا یہ پہلی کا چاند ہے؟ کیا سورج کے غروب ہونے کے بعد اتنی دیر چاند سر آسماں رہتا ہے؟ عوام خود فیصلہ کر لیں۔۔۔'
یاد رہے کہ گزشتہ روز ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا تھا جس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کی تھی۔
اجلاس میں مفتی ابراہیم قادری، عبدالخبر آزاد، مفتی عارف سعیدی، عبید اللہ پنور، مولانا ظفر سعیدی، مولانا عبدالمالک بروہی، علامہ سید شاہد علی، علامہ قرار نقوی، جیلانی،غلام مرتضی، ڈاکٹر طارق مسعود وزرات سائنس ٹیکنالوجی شریک ہوئے تھے۔
اجلاس ختم ہونے کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے پاکستان میں ذوالحجہ کا چاند نہ نظر آنے کا اعلان کیا تھا۔
مفتی منیب الرحمان نے اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی مقام سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، یکم ذوالحجہ 23 جولائی بروز جمعرات جبکہ عیدالاضحیٰ یکم اگست بروز ہفتہ کو ہوگی۔
اس کے برعکس وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری پہلے ہی اعلان کرچکے تھے کہ 21 جولائی کو پاکستان میں ذوالحجہ کا چاند نظر آجائے گا اور عید 31 جولائی بروز جمعہ کو ہوگی۔