ملک بھر میں غیرقانونی مویشی منڈیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

اسلام آباد:نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی )نے مویشی...
شائع 24 جولائ 2020 10:40am

اسلام آباد:نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی )نے مویشی منڈیوں میں احتیاطتی تدابیر اور ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ہونے کا اعتراف کر لیا ، ہیلتھ گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کیلئے ملک بھر میں غیرقانونی مویشی منڈیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے سخت کارروائی کا انتباہ کر دیا۔

عید الاضحیٰ اور موشی منڈیوں میں ہیلتھ گائیڈ لائنز کی خلاف ورزیاں رپورٹ ہونے پر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے حکمت عملی تیار کرلی،کسی بھی غیر قانونی مویشی منڈی کو قائم کرنے یا چلانے کی ہر گز اجازت نہیں ہوگی، تمام تفریخی مقامات مکمل بند رہیں گے۔

ہیلتھ گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کیلئے وفاق، صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں انتظامیہ کا کریک ڈاؤن ہوگا،منظور شدہ مویشی منڈیوں میں ضابطہ اخلاق کی عملداری کیلئے تمام انتظامیہ متحرک ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں قائم مویشی منڈیوں میں ہیلتھ گائیڈ لائنز کی خلاف ورزیوں کی رپورٹس مل رہی ہیں، عوام کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے، حفظانِ صحت کے اُصولوں اور کورونا کے خلاف بنائی گئی حفاظتی تدابیر کو اپنانے سے ہی وَبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

این سی او سی کا کہنا ہے تمام صوبوں آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میںخصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گی، خلاف ورزیوں کی صورت میں جُرمانے اور مویشی منڈیوں کو بند کیا جا سکے گا۔

شہریوں سے فیس ماسک اور سماجی فاصلے برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حفاظتی تدابیر کو اپنانے سے ہی وَبا پر قابو پایا جا سکتا ہے،مویشی منڈیوں میں اوقات کار کی پابندی ایک مخصوص تعداد کی انٹری اور ہیلتھ گائیڈ لائن پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔

نینشل کمانڈ ایند آپرشین سینٹر کے مطابق عید پر اجتماعات سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، عید پر تمام تفریخی مقامات مکمل بند رہیں گے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ بازاروں اور عید پر تفریحی مقامات پر جانے سے گریز کریں، انفرادی حفاظت اجتماعی صحت اور حفاظت کی ضمانت ہے، عوام کے تعاون سے ہی کرونا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

Read Comments