دہشت گردی کاخدشہ:کراچی کے ریڈ زونز میں سیکیورٹی ہائی الرٹ
کراچی :دہشت گردی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر کراچی کے ریڈ زونز میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے ،گاڑیوں کی سخت چیکنگ، قونصل خانوں، سفارتی عملے کی رہائش گاہوں کے اطراف سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ۔
کراچی کے ریڈ زون میں ممکنہ حفاظتی خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے، گاڑیوں اور آنے جانے والے افراد کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔
ڈی آئی جی ساوتھ جاوید اکبر کے مطابق مختلف خفیہ رپورٹس میں کراچی کے ریڈ زون خاص طورپر مختلف ممالک کے قونصل خانوں کے حوالے سے سیکیورٹی خدشات ظاہر کئے گئے ہیں، جس پر مختلف قونصل خانوں اور سفارتی عملے کی رہائش گاہوں کے اطراف سیکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔
کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے اور روسی قونصل خانے کے اطراف حفاظتی انتظامات پہلے سے مزید سخت کردیئے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی ساوتھ کے مطابق علاقے میں پولیس کی مزید نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ بکتربند گاڑیاں اور پولیس کی دیگر گشت کرنے والی گاڑیاں پہلے سے ہی علاقے میں موجود ہیں۔
جاوید اکبر نے کہا یہ سلسلہ چند دنوں تک جاری رہ سکتا ہے، شہر کے ریڈ زون میں سیکیورٹی بڑھانے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے جبکہ پیدل آنے جانے والے افراد کی بھی چیکنگ کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملہ ناکام ہونے کے بعد دہشت گرد گروپوں کی جانب سے مختلف شرپسندی کی منصوبہ بندیاں سامنے آ رہی ہیں، ایسے سماج اور ملک دشمن عناصر کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے جبکہ مزید اطلاعات آنے پر سیکیورٹی ادارے انتہائی الرٹ ہیں ۔
