چینی اسکینڈل کیخلاف شوگر ملز کی انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد:شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ کالعدم ہو گی یا نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے چینی اسکینڈل کیخلاف شوگر ملز کی انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
شوگر انکوائری کمیشن کیخلاف شوگر ملز کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وکیل مخدوم علی خان نے جواب الجواب میں 1991 کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا تو اٹارنی جنرل نے جواب میں 2017 کے فیصلے کا حوالہ دیا۔
مخدوم علی خان نے عدالت کو بتایا کہ کسی بھی معاملے پر سمری کابینہ ڈویژن سے ہی بھیجی جاتی ہے، جس شعبے میں بحران پیدا ہوا اس سے متعلقہ وزارت انکوائری کی سمری بھیجتی ہے، ایسا تب ہوتا ہے جب تحقیقات کا فیصلہ متعلقہ وزارت نے کیا ہو، اس بار چینی اسکینڈل کی تحقیقات کا فیصلہ وزیراعظم کا تھا ،وزیر اعظم تحقیقات کے احکامات جاری کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ اعتراض درست نہیں کہ پہلے کوئی سمری بھیجی جانا ہی ضروری تھی۔
عدالت نے مخدوم علی خان کو مزید قانونی نکات پر تحریری دلائل بدھ تک جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
