سوشل میڈیا ایکٹوسٹ عمران غزالی ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے سربراہ مقرر
سوشل میڈیا ایکٹوسٹ عمران غزالی کو ڈی ایم ڈبلیو کا سربراہ مقرر کردیا گیا۔ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد وزارت اطلاعات کی جانب سے عمران غزالی کو ڈیجیٹل میڈیا ونگ کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
ڈی ایم ڈبلیو میں 2 سکیلز میں بھرتیاں کی گئی ہیں۔ ا یم پی ٹو میں ایک جبکہ ایم پی تھری پے اسکیل میں 5 تعیناتیوں کی منظوری دی گئی ہے۔
ایم پی ٹو گریڈ 21اور ایم پی تھری کی تعیناتیاں گریڈ 20 کے برابر ہوں گی۔ عمران غزالی کو ایم پی ٹو میں تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
محمد مزمل حسن, عثمان بن ظہیر, شہباز خان ،نعیم احمد یاسین, سعیدہ دھنک ہاشمی کو ایم پی تھری اسکیل میں تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
ڈیجیٹل میڈیا ونگ میں 12 سے زائد افراد کو فکس سیلری پر تعینات کرنے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
ڈیجیٹل میڈیا ونگ (ڈی ایم ڈبلیو )وزارتِ اطلاعات و نشریات کا قائم کردہ یونٹ ہےجس کا قیام رواں سال کابینہ منظوری کے بعد عمل میں لایا گیا۔
یہ حکومتِ پاکستان کیلئے ایک اسٹریٹجک یونٹ کے طور پر کام کرے گا اور حقائق پر مبنی میڈیا مواد کی فراہمی کے علاوہ، ڈیجیٹل تعلقات عامہ، اور ڈیجیٹل میڈیا پر مستند سرکاری اپ ڈیٹس کی فراہمی کویقینی بنائے گا۔ ڈی ایم ڈبلیو پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا کے استعمال میں انقلاب برپا کرنےکیلئے پرعزم ہے۔
حقائق کو مدِ نظر رکھنے والی نمو پزیر ٹیم مقامی اور بین الاقوامی سطح پر ریاستِ پاکستان کے مفادات کی ترویج میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔
یہ ٹیم حکومتِ پاکستان کو 21 ویں صدی کیلئے مستند، مضبوط، اور معیاری مواصلاتی پلیٹ فارم کی فراہمی سے مضبوط تربنائےگی۔ ڈی ایم ڈبلیو کے زمہ سرکاری میڈیا اثاثوں کے لئے ڈیجیٹل مواد کی تیاری کے علاوہ حکومت کی تمام وزارتوں کےسوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تنظیم، تصدیق اور ڈیجیٹل میڈیا موجودگی میں اضافہ کرنا ہے۔
ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے سربراہ عمران غزالی ڈیجیٹل میڈیا میں 14 سال کا تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ پاکستان میں سوشل میڈیا کیمپینز کے بانیوں میں سے ایک ہیں اور اپنے ذاتی اکاؤنٹ پر 1 لاکھ 20 ہزار فالورز رکھتے ہیں۔ وہ متعدد عوامی تقریبات میں سوشل میڈیا سٹریٹیجسٹ کے طور پر اظہارِ خیال کرتے رہتے ہیں۔ مزید برآں ڈیجیٹل میڈیا حکمت عملی کے حوالے سے بہت سی عالمی تنظیموں کی رہنمائی بھی کرتے رہے ہیں۔
عمران غزالی نے حال ہی میں DFID کے تحت چلنے والے خاندانی منصوبہ بندی کے پروگرام DAFPAK میں بطور سوشل میڈیا کنسلٹنٹ کام کیا ہے۔
اس سے قبل وہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے منصوبے سبز صاف پاکستان کی ڈیجیٹل سٹریٹیجی کی سربراہی کرتے رہے۔ وہ مذکورہ وزارت میں یونی سیف کے کنسلٹنٹ کے طور پر تعینات تھے۔
خیبرپختونخوا حکومت کی ڈیجیٹل پالیسی کے نفاذ میں اہم کردار ادا کیا اور خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ میں ڈیجیٹل یوتھ سمٹ کے لیے ورلڈ بینک پاکستان کے کنسلٹنٹ بھی رہے ہیں۔