Aaj Logo

اپ ڈیٹ 07 اگست 2020 12:17pm

آصف زرداری نے بریت اور ریفرنس خارج کرنے کی درخواست واپس لے لی

اسلام آباد:پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے بریت اور ریفرنس خارج کرنے کی درخواست واپس لے لی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں آصف علی زرداری کیخلاف پارک لین ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے عدالت سے آصف زرداری کی بریت درخواست خارج کرکے فرد جرم عائد کرنے کی استدعا کر دی۔

سردار مظفر عباسی نے کہاکہ تمام دلائل مکمل ہونے کے بعد آصف زرداری درخواست واپس نہیں لے سکتے، ملزم جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے۔

نیب نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ایک ماہ فردجرم موخر کروا کے آج جواب الجواب پر درخواست واپس لے رہے ہیں۔

اس موقع پر احتساب عدالت میں سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پارک لین ریفرنس نیب قانون نہیں بلکہ مالیاتی قوانین کا کیس ہے۔

جج احتساب عدالت نے کہا کہ عدالت آصف علی زرداری کی بریت درخواست پر حکم جاری کرے گی ۔

بعد ازاں احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں نیب کے دائرہ اختیار پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔

Read Comments