کیا ارطغرل غازی پاکستان میں الیکشن میں حصہ لیں گے؟

ترک ڈرامہ سیریل 'ارطغرل غازی' میں مرکزی کردار نبھانے والے انجن...
شائع 13 اگست 2020 12:01am

ترک ڈرامہ سیریل 'ارطغرل غازی' میں مرکزی کردار نبھانے والے انجن التان دوزیاتن نے پاکستان میں الیکشن میں حصہ لینے سے متعلق سوال پر دلچسپ انتہائی دلچسپ جواب دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ترکش ڈرامہ سیریل کی مقبولیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری ٹی وی پر انجن التان کا انٹرویو نشر کیا گیا، اس انٹرویو میں میزبان نے 'ارطغرل' سے کئی دلچسپ سوالات کئے جس کے انہوں نے بخوبی جوابات بھی دیئے۔

میزبان نے اُن سے سوال کیا کہ ارطغرل کے کردار کو پاکستان میں بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے لہٰذا اگر آپ ارطغرل ہونے کے ناطے پاکستانی الیکشن میں حصہ لیں تو زبردست کامیابی حاصل کرسکتے ہیں اس بارے میں آپ کیا کہتے ہیں؟

اس سوال پر پہلے تو انجن التان ہنسے اور اتنی پسندیدگی پر شکریہ ادا کیا پھر کہا کہ یہ آپ لوگوں کی ذرہ نوازی ہے، میں آپ سب کا بے حد مشکور ہوں۔ مجھے پاکستان سے بہت محبت ملی ہے، اتنی محبت ملنے اور چاہے جانے پر یقیناً بہت اچھا محسوس ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا پاکستان ہمارا بھائی اور دوست ملک ہے، ہم نے اپنا بچپن پاکستان کے ساتھ اپنی محبت کے جذبات کے اظہار میں گزارا ہے۔ میں اس سے پہلے ایک فلم میں کام کرچکا ہوں، اس فلم میں حصہ لینے کیلئے پاکستان سے پائلٹ آئے تھے اور ہم نے بہت اچھے طریقے سے گھل مل کر کام کیا۔

انجن التان کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ پاکستان کے ساتھ ہم ترکوں کی محبت اور ایک برادر ملک ہونے کی وجہ سے تھا۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ اپنی جذباتی وابستگی بیان کرتے ہوئے کہا اس طرح اپنے ایک برادر ملک پاکستان سے محبت کے اظہار نے مجھے بڑا جذباتی بنادیا ہے، میں ویسے بھی پاکستان کا بڑا مداح ہوں لیکن میں آپ کو بتادوں کہ سیاست، سیاستدانوں کا کام ہے اور میں ایک اداکار ہوں اور میرا کام اداکاری کرنا ہے لہذا یہ ہو نہیں سکتا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر اسلامی تاریخ پر مبنی ترکش ڈرامہ یکم رمضان المبارک سے پی ٹی وی پر اردو زبان میں ڈب کرکے نشر کیا جارہا ہے۔ اس ڈرامے کو نہ صرف عام پاکستانی ناظرین بلکہ کئی نامور شخصیات بھی خوب پسند کررہی ہیں اور اس سے متعلق اپنے اپنے خیالات کا اظہار بھی کررہی ہیں۔

Read Comments