سعودی عرب سے غلط فہمیاں دور ہوگئیں، شیخ رشید
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں سعودی عرب سے غلط فہمیاں دور ہوگئی ہیں، مریم نواز نیب پیشی پر نہیں بلکہ منصوبے کے تحت پتھراؤ کرنے کیلئے آئیں، جب تک عمران خان عثمان بزدار کے ساتھ ہیں وہ وزیر اعلی ہی رہیں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کے دوران دعوی کیا کہ پاکستان کی سعودی حکومت سے غلط فہمیاں دور ہو گئی ہیں، کل آرمی چیف سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں، جس میں رہے سہے معاملات بھی طے پا جائیں گے۔
اپنے سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز نیب پر پتھراؤ کے بجائے دو سو ایکڑ زمین کا جواب دیں، وہ نواز شریف کی طرح شہباز شریف کو بھی نا اہل کروا کے چھوڑیں گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ سترہ اگست سے ہزارہ، فرید، رحمان بابا اور موہنجو داڑو ایکسپریس سمیت 10 مزید ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں،، ایم ایل ون تاریخ کا گیم چینجر ہے، اس کا کریڈٹ عمران خان اور آرمی چیف کو جاتا ہے۔