ایک اور اسلامی ملک میں فوج کی اسلحہ فیکٹری کے ڈپو میں زور دار دھماکہ

سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے جنوب میں واقع فوج کی ایک اسلحہ...
شائع 16 اگست 2020 08:58am

سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے جنوب میں واقع فوج کی ایک اسلحہ فیکٹری کے ڈپو میں اچانک زور دار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی اور اس کے شعلے بلند ہونا شروع ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ خرطوم کے علاقے الشجرہ میں واقع فیکٹری میں آتشزدگی کا یہ واقعہ پیش آیا اور فوری طور پر اس میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

سوڈان کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ فوج کی اسلحہ فیکٹری کے ایک چھوٹے گودام میں دھماکے کے بعد آگ لگی تھی اور اس پر قابو پا لیا گیا ہے۔

تاہم سوڈانی حکام نے فوری طور پر یہ نہیں بتایا کہ اسلحہ فیکٹری میں دھماکہ کیسے ہوا تھا اور اس کے نتیجے میں آگ کیسے لگی ہے، جبکہ شہر کے بعض مکینوں نے سوشل میڈیا پر فیکٹری میں لگی ہوئی آگ کی تصاویر پوسٹ کیں اورکہا کہ رات گئے تک آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا تھا۔

نیوز رپورٹس کے مطابق الشجرہ کے گنجان آباد علاقے میں اس فیکٹری کے ساتھ سوڈانی فوج کی دوسری متعدد تنصیبات بھی واقع ہیں۔

سوڈانی وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی چھ ایمبولینس گاڑیاں فیکٹری کے کمپاؤنڈ کی جانب روانہ کردی تھیں۔

انہوں نے بھی تصدیق کی ہے کہ فوری طور پر کسی شخص کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

Read Comments