شراب لائسنس کیس : وزیراعلیٰ پنجاب نے نیب میں جواب جمع کرادیا

لاہور:شراب لائسنس کیس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نیب ...
شائع 18 اگست 2020 03:42pm

لاہور:شراب لائسنس کیس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نیب میں جواب جمع کرا دیا ۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے شراب لائسنس انکوائری میں پوچھے گئے نیب کے سوالات کا 4 صفحات پر مشتمل جواب وکیل کے ذریعے جمع کرا دیا ۔

ذرائع کے مطابق ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں ‏وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ ڈی جی ایکسائز کی لائسنس اجرا کی پہلی سمری اختیار نہ ہونے کی بنا پر انہوں نے واپس بھجوا دی تھی,ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل نے لائسنس جاری کرکے دوبارہ سمری سیکریٹریٹ بھجوائی۔

وزیر اعلیٰ کے ‏پرنسپل سیکریٹری نےسمری متعلقہ فورم نہ ہونے پر دوبارہ واپس بھجوادی،ایکسائز کے وزیر نے متعلقہ ہوٹل کودیا گیا شراب کا لائسنس معطل کردیا جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے 2019 میں لائسنس بحال کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ شراب لائسنس کے اجرا میں انکا کوئی کردار نہیں کیونکہ لائسنس دینے کا اختیار ڈی جی ایکسائزکے پاس ہے۔

عثمان بزدار نے جواب میں بتایا کہ اب تک جاری کئے گئے شراب کے 11 لائسنسوں میں سے 9 ڈی جی ایکسائز نے ہی جاری کئے جبکہ 2000 اور 2001 میں گورنر نے لائسنس جاری کئے تھے۔

Read Comments