کیوی وزیراعظم نے امریکی صدر کو کورونا وبا پر آڑے ہاتھوں لے لیا
کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کورونا وبا پر آڑے ہاتھوں لیا، کہا کہ کورونا کے حوالے سے نیوزی لینڈ سے سیکھا جائے۔
کیوی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ امریکا میں کورونا سے ایک لاکھ 73 ہزار 716 جبکہ نیوزی لینڈ میں کُل 22 اموات ہوئی ہیں۔ دوسری جانب سابق امریکی خاتون اول مشیل اوباما نے بھی ٹرمپ پر تنقید کردی۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر کورونا پر قابو پانے میں ناکام ہوگئے ہیں، امریکا کو بڑے پیمانے پر کورونا کا سامنا ہے اور ٹرمپ واضح طور پر غلط ہیں۔
انہوں نے کورونا وائرس کے خلاف اپنے ملک کو مثال قرار دے دیا۔ اتنا ہی نہیں سابق امریکی خاتون اول مشیل اوباما نے بھی ٹرمپ کو ملک کیلئے غلط صدر قرار دے دیا۔
مشیل اوباما نے عوام سے اپیل کی کہ آئندہ صدارتی انتخابات میں جو بائیڈن کو ووٹ دیں، کیونکہ قوم تقسیم کا شکار ہے اور ٹرمپ حالات مزید خراب کرسکتے ہیں۔