پاکستان سٹیل ملز کے خسارے کی تفصیلات پیش

حکومت نے پاکستان سٹیل ملز کے گزشتہ 10سالوں کے دوران خسارے کی...
شائع 18 اگست 2020 11:54pm

حکومت نے پاکستان سٹیل ملز کے گزشتہ 10سالوں کے دوران خسارے کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کردیں ۔ دس سال میں سٹیل ملزکا مجموعی آپریشنل خسارہ 169ارب 51کروڑ رہا ۔

وفاقی وزیرحماد اظہرکا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملزکی نجکاری کا فیصلہ نجکاری پالیسی کو مدنظررکھ کر کیا جائے گا۔ سینیٹ نے اسلام آباد دارلخلافہ ٹرسٹ بل 2020 اور نشہ آور اشیاء کی روک تھام میں ترمیم کا بل 2020 منظور کرلیا ۔

سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت ہوا وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے ایوان بالا میں پاکستان سٹیل ملز کے گزشتہ 10سال کے خسارے کی تحریری تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ دس سالوں میں سٹیل ملز کا مجموعی آپریشنل خسارہ 169ارب 51کروڑ رہا ۔ مالی سال 2018-19میں مالی خسارہ 16ارب 50کروڑ رہا، حکومت سٹیل ملز کی بحالی اور منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے مسلسل کوشاں ہے،جون 2013سے سٹیل ملز ملازمین کو 34ارب تنخواہ کئ مد میں ادا کئے جا چکے ہیں۔

حماد اظہر نے مزید بتایا کہ پاکستان اسٹیل ملز کے اثاثہ جات کے کل لاگت 409ارب 68کروڑ روپے ہیں، پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کا فیصلہ نجکاری پالیسی کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کریں گے ۔ جوائنٹ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر سٹیل مل چلانے کا آپشن بھی ہے۔ پبلک پرائیوٹ مشترکہ ونچر کی تجویز بھی زیرغور ہے۔ اس پر تجاویز لی جا رہی ہیں۔ جماعت اسلامی اور جے یو آئی ف نے سٹیل ملز کی نجکاری کی مخالفت کی ۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق بولے عمران خان کہتے تھے ہم پاکستان اسٹیل مل کی نجکاری نہیں کریں گے اور چلا کر دکھائیں گے۔ اب ان کی حکومت آئی تو نجکاری کی جارہی ہے۔ جے یو آئی ف کے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ماضی میں سٹیل ملز منافع میں رہا ہےیہ خسارے میں کیسے گیا ۔وزارت اقتصادی امور نے ملک میں کورونا کی صورتحال اور

غیر ملکی امداد کی تفصیل سینیٹ میں پیش کرتے ہوئے بتایا پندرہ ممالک و بین الاقوامی اداروں نے پاکستان کو 3302.06 ملین ڈالر رقم فراہمی کا وعدہ کیا۔ان میں سے 2660.35ملین ڈالر تقسیم کی جاچکی ہے۔ امداد دینے والوں میں امریکہ ، چائنہ، برطانیہ، کینڈا، جاپان، جنوبی کوریا، آئی ایم ایف، ورلڈ بنک، اے ڈی بی اور دیگر ادارے شامل ہیں ۔

وزیرمملکت علی محمد خان نے کہا اللہ کے کرم سے ہم کورونا کے بہت بڑے نقصان سے بچ گئے۔ پاکستان ان کامیاب ملکوں میں سے ہے جہاں کورونا سے بڑا نقصان. نہیں ہوا۔ کورونا سے متعلق حکومت کی بہترین حکمت عملی رہی ۔

سراج الحق نے کہا کہ اسلام آباد ٹرسٹ بل پر ہماری 8 ترامیم جمع کرائی گئی ہیں ،میری ترامیم ایوان میں پیش نہیں کی گئی ۔ چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ اس بل پر آپکی ترامیم آئندہ نجی کاروائی کے دن ایوان میں پیش کر دیں گے ۔

فروغ نسیم نے کہا کہ یقین دہانی کراتے ہیں کہ جیسے ترامیم وزرات آئیں گی انھیں زیر غور لائیں گے ۔ مشاہد حسین سید نے فلسطینی سفیر کو نوٹس بھجینے کا معاملہ سینیٹ میں اٹھا دیا اور نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔

چئیرمین سینیٹ نے معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا ۔ سینیٹ نے جسٹس ریٹائرڈ افضل لون کے لیے تعزیتی قرارداد منظور کی ۔ اسلام آباد دارالخلافہ ٹرسٹ بل 2020 اور نشہ آور اشیاء کی روک تھام میں ترمیم کا بل 2020 منظور کرلیا گیا ۔ بعد میں سینیٹ اجلاس کل شام پانچ بجے تک ملتوی کر دیا گیا ۔

Read Comments