'ہم بھی اسرائیل سے امن معاہدہ کرنے کے خواہش مند ہیں'، اہم اسلامی ملک کا بیان

متحدہ عرب امارات کے بعد ایک اور عرب ملک کی اسرائیل سے تعلقات کی...
شائع 19 اگست 2020 09:40am

متحدہ عرب امارات کے بعد ایک اور عرب ملک کی اسرائیل سے تعلقات کی تیاریاں شروع کردی ہے۔ افریقی عرب ملک سوڈان نے بھی اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کا ارادہ ظاہر کردیا۔

ترجمان سوڈانی وزارت خارجہ حیدر بداوی صدیق نے خرطوم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسرائیل سے امن معاہدہ کرنے کے خواہش مند ہیں، یہ تعلقات سوڈان کے مفاد میں قائم کیے جائیں گے۔

ترجمان سوڈانی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے حکام کے درمیان رابطے سے انکار نہیں ہے، امن معاہدہ رواں برس یا اگلے برس کے اوائل تک ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے لیے اسرائیل سے عداوت جاری رکھنے کی کوئی وجہ نہیں، معاہدے سے اسرائیل اور سوڈان دونوں مستفید ہوں گے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان باہمی تعلقات قائم کرنے کے لیےامن معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت اسرائیل مزید فلسطینی علاقے ضم نہیں کرے گا اور دو طرفہ تعلقات کے لیے دونوں ممالک مل کر روڈ میپ بنائیں گے۔

معاہدے کے مطابق امریکا اور متحدہ عرب امارات، اسرائیل سے دیگر مسلم ممالک سے بھی تعلقات قائم کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے، اسرائیل سے امن کرنے والے ممالک کے مسلمان مقبوضہ بیت المقدس آ کر مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھ سکیں گے۔

Read Comments