صحت انصاف کارڈپرپی ٹی آئی پارٹی جھنڈےکی تشہیر کےکیس کافیصلہ محفوظ
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے صحت انصاف کارڈ پر تحریک انصاف پارٹی جھنڈے کی تشہیر کیخلاف مسلم لیگ ن کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے صحت انصاف کارڈ پر پی ٹی آئی پارٹی جھنڈے کی تشہیر کے کیس کی سماعت کی۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق عوامی پیسے سے کوئی اپنی تشہیر نہیں کرسکتا ،ڈپٹی اٹارنی جنرل صاحب! جس کا دفاع نہیں کرسکتے اس کا دفاع نہ کریں ، قانون تو سب کیلئے برابر ہے،جو دوسرے کیلئے غلط وہ ان کیلئے بھی غلط ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ الیکشن کے دورمیں آیا وہ خاص وقت کے حساب سے تھا ، حکومت نے صحت کارڈ پر پارٹی پرچم کا رنگ دینے کا معاملہ کابینہ میں رکھا؟ وزارت صحت کے جواب کی کاپی عدالت میں پیش کی گئی۔
چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے پوچھا کہ کیا آپ نے وزارت صحت کا جواب پڑھا ؟ وزارت یہ کہہ رہی کہ وزیر نے یہ خلاف ورزی کی۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ کارڈ پر نہ تصویر ہے نہ سلوگن ہے نہ جھنڈا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی نہیں۔
