اسرائیل سے متعلق سعودی عرب اپنے موقف پر قائم
سعودی عرب نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل سے متعلق اپنے موقف پر قائم ہے اور فلسطین سے امن معاہدے تک سعودی عرب اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کے سفارتی تعلقات قائم نہیں کرے گا۔
برلن میں اپنے دورے کے دوران سعودی وزیر خارجہ پرنس فیصل بن فرحان نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کیلئے عالمی معاہدے کے مطابق فلسطینیوں کیساتھ اسرائیل کا امن معاہدہ ناگزیر ہے۔
اس موقعے پر سعودی وزیر خارجہ ایک مرتبہ پھر مغربی کنارے پر اسرائیلی تعمیرات کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اسرائیلی توسیع پسندانہ پالیسیاں غیرقانونی ہیں اور یہ دو ریاستی حل کیلئے نقصان دہ ہیں۔
اس سے قبل امارات نے اسرائیل کیساتھ اپنے سفارتی تعلقات استوار کیے ہیں تاہم فلسطین سمیت بعض مسلم ممالک کی جانب سے اس معاہدے پر تنقید کی گئی ہے۔
دوسری جانب فلسطین میں بھی اس معاہدے پر شدید احتجاج کیا گیا ہے، فلسطینیوں کا موقف ہے کہ اسرائیل کیساتھ معمول کے تعلقات اسہی صورت میں ممکن ہیں جب وہ تنازعے کے حل پر متفق ہوتا ہے۔