منی لانڈرنگ کیس :عدالت نے شہبازشریف کو 27اگست کو طلب کرلیا
لاہور :احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کو 27اگست کو طلب کرلیااورحمزہ شہباز سمیت دیگر گرفتار ملزمان کو بھی آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔
لاہور کی احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نےقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور ان کی فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کی،نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر نیب عاصم ممتاز نے دلائل دیئے۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے سلمان شہباز ،نصرت شہباز،رابعہ عمران اور جویریہ علی پر الزامات کی وضاحت طلب کرلیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ تفتیشی افسرائندہ سماعت پر بتائیں کہ جو ملزمان گرفتار نہیں ہوئے ان پر الزامات کی نوعیت کیا ہے،تفتیشی افسر یہ بھی بتائیں کہ ان ملزمان نے انویسی گیشن جوائن کی یا نہیں۔
عدالت نے مسلم لیگ نون کے صدر شہبازشریف کو 27اگست کو طلب کرلیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر جیل حکام کو حمزہ شہباز سمیت دیگر گرفتار ملزمان کو بھی پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
