محرم ،جلوس، سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کرانے کا اعلان
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے سیکورٹی پلان اور کورونا ایس او پی پر مکمل عملدرآمد کروائے گی۔ اسلحہ، لاوڈ اسپیکر، وال چاکنگ اور فرقہ وارانہ مواد کی نشرواشاعت پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین کی قربانی اور اس ماہ کا تقدس مسلمانوں میں اتحاد اور یکجہتی کا متقاضی ہے۔ کورونا وباء سے بچاو کی مہم کے دوران بالخصوص علماء کے تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ علماء کے تعاون اور انتظامی اقدامات کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے تاہم حالات غیر معمولی اقدامات کے متقاضی ہیں۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ ہم سب نے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔دوسری جانب اتحاد بین المسلمین کمیٹی نے کورونا ایس او پی پر عمل درآمد یقینی بنانے کی یقین دہانی کرانے کے ساتھ اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ اور سوشل میڈیا پر مقدس مذہبی شخصیات کی توہین کرنے والوں کے خلاف موثر قانون سازی کا مطالبہ بھی کیا۔