کراچی : بارش کے بعد سڑکیں زیر آب
کراچی میں بارش کے دو روز بعد بھی کئی علاقوں کی سڑکیں زیرآب،یوسف گوٹھ اور عبدالرحیم گوٹھ کے نوے فیصد لوگ نقل مکانی کرگئے۔
نیا ناظم آباد میں بھی تین سے چار فٹ پانی جمع،انتظامیہ نے پانی کی نکاسی کیلئے کوئی انتظام نہیں کیا۔
کراچی کے یوسف گوٹھ اور عبدالرحیم گوٹھ میں بارش کے بعد تباہی، انتظامیہ کی نااہلی کے باعث شہری اذیت میں مبتلا ہیں، دو روز بعد بھی پانی کی نکاسی کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔
مین روڈاورگلیوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہے۔ سیوریج کےناقص نظام کےباعث گٹربھی ابلنے لگے۔ گھروں میں پانی آجانے سے قیمتی اشیاء خراب ہوگئیں، مکین اشیائے خورونوش اورادویات سے محروم ہوچکے ہیں۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ ہرسال یہی ہوتا ہے لیکن انتظامیہ کچھ نہیں کرتی۔ نیا ناظم آباد میں بھی تین سے چار فٹ پانی جمع ہے۔ لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔
تین دن سے گاڑیاں برساتی پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ کے ڈی اے چورنگی،لیاقت آباد اور نارتھ ناظم آباد کا بھی برا حال ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔