اپ ڈیٹ 24 اگست 2020 11:29pm

ساؤٹھمپٹن ٹیسٹ: پاکستانی بلے بازاننگز کی شکست سے بچنے کیلئے کوشاں

ساوتھمپٹن ٹیسٹ میں فالو آن کے بعد پاکستان نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 100 رنز بنالئے، کھیل کے آخری روز اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 210 رنز درکار ہیں۔ قومی بلے باز اننگز کی شکست ٹالنے کیلئے کوشاں ہیں، فالوآن کے بعد دوسری اننگز میں ڈٹ گئے جبکہ چوتھے روز بارش اور خراب روشنی نے بھی ساتھ دیا۔ پورے دن 56 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا۔

تفصیلات کے مطابق کھیل کے چوتھے روز پاکستانی اوپنرز عابد علی اور شان مسعود نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 49 رنز جوڑے تاہم 18 کے انفرادی اسکور پر شان مسعود اسٹورٹ براڈ کا شکار بن گئے۔

شان مسعود کے بعد عابد علی کا ساتھ دینے کیلئے کپتان اظہر علی کریز پر آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم عابد علی 42 کے انفرادی اسکور پر جیمز اینڈرسن کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے 210 رنز مزید بنانا ہونگے۔ چوتھے روز کا کھیل ختم ہوا تو وقت وکٹ پر اظہر علی اور بابر اعظم بالترتیب 29 اور 4 رنز کے ساتھ موجود تھے۔

اس سے قبل کھیل کے تیسرے روز قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں انگلینڈ کے 583 رنز کے جواب میں 273 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی۔ کپتان اظہر علی ناقابل شکست 141 اور محمد رضوان 53 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔

Read Comments