وزیراعظم کی ٹائیگرفورس کے ذریعے ای گورننس سسٹم لانے کی منظوری
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگرفورس کے ذریعے ای گورننس سسٹم لانے کی منظوری دے دی، رضا کار مقامی سطح پر گورننس کے معاملات کو رپورٹ کرسکیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں ٹائیگرفورس ای گورننس پلان پر مشاورت کی گئی، جس دوران معاون خصوصی عثمان ڈار نے مستقبل کی منصوبہ بندی کا جامع پلان پیش کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کے نوجوانوں سے متعلق نہایت اہم ترین فیصلہ کر لیاہے ، پبلک سروسز کی نگرانی اور بہتری کیلئے ٹائیگر فورس کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کے ذریعے ای گورننس سسٹم لانے کی منظوری دے دی ہے ۔
ٹائیگر فورس کے رضا کار مقامی سطح پر گورننس کے معاملات کو رپورٹ کرسکیں گے،ای گورننس سسٹم کے ذریعے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور صحت کی سہولیات سے متعلق حکام کو آگاہ کیا جائے گا۔
ٹائیگر فورس ای گورننس سسٹم کے ذریعےپناہ گاہوں،مارکیٹوں،تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر سروسز کی فراہمی پر رپورٹ ہوگی جبکہ رضا کار تھانے،کچہری، لینڈ ریکارڈ ،بجلی چوری اور عوامی شکایات پر بھی نظر رکھ سکیں گے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو ٹائیگر فورس کی پناگاہوں اور پرائس کنٹرول سے متعلق ابتدائی رپورٹ بھی پیش کردی گئی،رپورٹ میں پناہ گاہوں میں دستیاب سہولتوں اور مسائل سے آگاہ کیا گیا ۔
وزیراعظم عمران خان نے عثمان ڈار کو تعلیمی ادارے کھلتے ہی ممبرشپ مہم تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا گورننس سسٹم بہتر کرنے کیلئے نوجوانوں کا تعاون درکار ہے،نوجوانوں کو گورننس سسٹم کی بہتری میں کردار ادا کرنے کا موقع دیں گے۔
عثمان ڈار کا کہناتھا کہ نوجوان ملک کی بہتری کیلئے اپنی خدمات پیش کرنے کو تیار ہیں ، رکنیت کھولنے کے چند دن میں ایک لاکھ نئے رکن فورس میں شامل ہوئے ،انشاءاللہ گورننس میں بہتری کا انقلابی منصوبہ کامیاب ہو گا ۔