محکمہ موسمیات کی کراچی میں آج بھی تیز بارش کی پیشگوئی

کراچی :محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج بھی تیز بارش کی پیشگوئی...
شائع 26 اگست 2020 11:56am

کراچی :محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج بھی تیز بارش کی پیشگوئی کر دی جبکہ بارش کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں بادلوں کے ڈیرے ہیں، رات گئے اور صبح سویرے شہر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بار بارش نے موسم خوشگوار کردیا، شہرقائد میں ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں۔

آئی آئی چند ریگر روڈ، گرومندر، صدر، کھارادر، کورنگی، لانڈھی، گلشن حدید، نارتھ کراچی، ناظم آباد، ملیر اور ایئرپورٹ سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔

ملیر ندی میں طغیانی کے باعث کورنگی کازوے پرپانی آنے سے کازوے ٹریفک کیلئے تاحال بند ہے جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے بلوچ کالونی سے جانے والوں کو قیوم آباد بھیجا جا رہا ہے۔

بارش کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

محکمہ موسمیات نے آج بھی تیز بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے کم دباؤ نے زیریں سندھ سمیت کراچی کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، جس سے شہر میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے اور بارش کا یہ سلسلہ جمعرات تک جاری رہ سکتا ہے۔

بارش نے کےالیکٹرک کی قلعی کھول دی،بیشترعلاقےبجلی سے محروم

کراچی میں بارش کے بعد شہر میں بجلی کی صورتحال مزیدخراب ہو گئی،شہرکےمختلف علاقوں میں کیبل فالٹس کی وجہ سے متعددعلاقےاندھیرےمیں ڈوب گئے۔

نارتھ کراچی،گلستان جوہر،شادمان ٹاؤن،بزرٹالائن،ناگن چورنگی،ایف سی ایریا،بفرزون،ملیر،شاہ فیصل کالونی،کیماڑی سمیت اولڈسٹی ایریاکےکئی علاقےبجلی سےمحروم ہوگئے۔

بابا آئی لینڈ، بھٹ آئی لینڈ اور صالح آباد سمیت کئی علاقوں میں تار ٹوٹنےاور سب اسٹیشن بند ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نشینی علاقوں میں نکاسی آب تک بحالی کا کام نہیں کیا جاسکتا۔

Read Comments