وزیراعلیٰ سندھ کا بارش سے متاثرہ ملیر اور مختلف گوٹھوں کا دورہ
کراچی :وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بارش سے متاثرہ ملیر اور مختلف گوٹھوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرین کو کھانا اور پانی فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق وزیراعلی مراد علی شاہ صبح سویرے مختلف اضلاع کے دورے روانہ ہوئے، وہ ملیر کے ماروی گوٹھ کے پہنچے جہاں انہوں نے بارش سے متاثرہ علاقوں اور ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ کھوئی گوٹھ سے 22، درسانو چھنو 30 اور حسن پنہور گوٹھ سے 56 لوگوں کا نخلا ہو گیا ہے ، مدینہ ٹاؤن اور یار محمد گوٹھ میں لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو فوری طورپر لوگوں کو نکالنے کی ہدایت کی اور کہا کہ متاثرین کو کھانا اور پانی فراہم کیا جائے۔
مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت متاثرہ افراد کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کے مختلف اضلاع کا بھی دورہ کریں گے، وزیر علیٰ سندھ سجاول ،بدین اور حیدرآباد بھی جائیں گے، جہاں وہ بارش کے پانی کی نکاسی اور ریلیف کے کام کا جائزہ لیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ صوبائی وزراء سید ناصر شاہ، سہیل سیال اور مکیش چاولہ بھی ہیں۔
