کراچی میں بارش کا طوفانی اسپیل، شہری پریشان
کراچی میں بارش کے طوفانی اسپیل نے سب کچھ تباہ کردیا،
پانی کے بہاؤ کے سامنے شہری حکومت، سندھ حکومت چاروں خانے چت ہوگئی۔
پانی نے نہ آؤ دیکھا نہ تاؤ ۔ موٹرسائیکلیں، گاڑیاں حتی کہ شہریوں کو بہا کرلے گیا۔
کئی کئی فٹ اونچے فٹ پاتھ غائب ہوگئے،گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔
کراچی میں بادل گرجے اور ایسے کھل کر برسے کہ جل تھل ایک ہوگیا۔
گیارہ بجے سے شروع ہونے والی بارش کے طوفانی اسپیل نے انتظامیہ کو چاروں خانے چیت کردیا، لگا کہ جیسے
شہر کا کنٹرول پانی سنبھال لیا۔ کیا موٹرسائیکل، کیا گاڑی کیا رکشہ سب کچھ پانی میں بہنے لگا۔
پانی کا بہاؤ اتنا تیز کہ ہیوی کنٹنرز بھی بہہ گئے۔ جب پیدل چلنا دشوار ہوا، تو لوگ پانی کے بہاؤ سے بہتے بہتے اپنی منزل کو روانہ ہوگئے۔
نشیبی علاقے تو ڈوبے ہی ڈوبے ڈیفنس جیسے پوش علاقوں کے گھروں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
لوگ اپنی قیمتی اشیاء کو اپنی آنکھوں کے سامنے تباہ ہوتا ہوا دیکھتے رہے۔ انتظامیہ غائب رہی ، لیکن پاک فوج امدادی کام میں مصروف عمل رہی۔
رینجرز اہلکار لوگوں کی پھنسی ہوئی گاڑیوں کو نکالتے رہے، گھروں کو واپس جانے والے اب تک مختلف راستوں پر پھنسے ہوئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا کہ سندھ میں بارش کے کمزور سسٹم کو بلوچستان سے آنے والے سسٹم کو مضبوط کردیا، بارش ہوگی اور خوب ہوگی۔