سوئیڈن میں قرآن پاک کو نذرآتش کرنے کی کوشش، مظاہرے پھوٹ پڑے
سويڈن کے شہر مالمو ميں مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن پاک کو نذر آتش کئے جانے کی کوشش کی گئی جس کے بعد شدید احتجاج و مظاہرے پھوٹ پڑے ہيں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق یورپی ملک سوئیڈن کے شہر مالمو میں قرآن پاک کو نذر آتش کئے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کی ویڈیو کو آن لائن بھی شیئر کیا گیا۔
اس انتہائی افسوسناک واقعے کے بعد مذہبی نفرت پھيلانے کے الزام میں تين افراد کو حراست ميں ليا گيا جبکہ ايک ڈينش سياستدان کو بھی گرفتار کرکے واپس بھيج ديا گيا۔
واقعہ پیش آنے کے بعد فسادات پھوٹ پڑے، تقریباً 300 افراد نے گزشتہ شب بھرپور احتجاج کرتے ہوئے پولیس پر پتھراؤ کیا اور کئی تنصیبات کو آگ لگادی۔
خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ جو کچھ بھی ہو رہا ہے یہ ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے تاہم اسے کنٹرول کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔
پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ اس احتجاج کا تعلق جمعہ کی صبح ہونے والا واقعہ ہے، احتجاج ٹھیک اسی جگہ ہو رہا ہے جہاں مقدس کتاب کو جلایا گیا تھا۔
جس ریلی میں مقدس کتاب کو نذرآتش کرنے کا واقعہ پیش آیا اُس میں ڈنمارک کی مہاجرين مخالف پارٹی 'ہارڈ لائن' کا رہنما ملعون راسموس پالوڈن شرکت کرنے والا تھا تاہم ریلی میں شرکت سے قبل ہی اسے حراست میں لے کر وہاں سے واپس بھیج دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ملعون پيلوڈن پر سوئيڈن ميں داخلے پر 2 سال کیلئے پابندی عائد تھی مگر وہ اس کے باوجود وہاں جانے کیلئے نکل پڑا تھا۔