سینکڑوں پاکستانیوں اور یونانیوں کے مابین لڑائی: متعدد شدید زخمی، درجنوں گرفتار

یونان کے سب سے بڑے اور سب سے زیادہ آبادی والے جزیرے کریٹے پر...
شائع 31 اگست 2020 10:55am

یونان کے سب سے بڑے اور سب سے زیادہ آبادی والے جزیرے کریٹے پر تقریباً دو سو پاکستانی تارکین وطن اور تیس کے قریب مقامی باشندوں کے مابین ہفتہ انتیس اگست کی رات ہونے والی لڑائی میں کم از کم دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔

یونانی دارالحکومت ایتھنز سے اتوار تیس اگست کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ لڑائی کریٹے کے جزیرے پر ٹِمباکی نامی قصبے کے قریب ہوئی۔

یونان کے سرکاری نشریاتی ادارے ای آر ٹی نے بتایا کہ اس لڑائی کے دوران امن عامہ کی بحالی کے لیے پولیس کے مسلح دستوں کو فوری مداخلت کرنا پڑی اور وہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی نصف شب تک مقامی باشندوں اور پاکستانی تارکین وطن کے مشتعل لیکن متحارب گروپوں کو ایک دوسرے سے الگ کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

مقامی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اس لڑائی کی وجہ سے 22 پاکستانیوں اور دو یونانی باشندوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ تاہم پولیس نے 'شدید نوعیت‘ کے اس تنازعے کی وجوہات کے بارے میں کچھ بھی کہنے سے انکار کر دیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق وسیع پیمانے پر یہ لڑائی اور ہاتھا پائی اس وقت شروع ہوئی جب ایک مقامی یونانی خاتون نے ایک پاکستانی شہری کو گالی دی تھی۔

Read Comments