کراچی کے گجر نالے پر قائم تجاوزات کیخلاف آپریشن کا آغاز
کراچی کے گجر نالے پر قائم تجاوزات کیخلاف آپریشن کا آغاز ہوگیا ہے، پیالہ ہوٹل کے قریب گجرنالے کے اطراف پہلے مرحلے میں شیڈز باڑے اور دکانیں گرائی جا رہی ہیں۔
شہر قائد کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے ایک بار پھر آپریشن کا آغاز ہوگیا، شہر میں ندی نالوں پر قائم تجاوزات کے خلاف میگا آپریشن کا پہلا مرحلہ آج سے شروع کردیا گیا ۔
آپریشن کا آغاز گجر نالہ سے ملحق آبادی سے کیا جا رہا ہے، صبح سے کیفے پیالہ اور نالہ اسٹاپ کے قریب تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری ہے ۔
کے ایم سی اینٹی انکروچمنٹ کا عملہ تجازوات گرانے میں مصروف ہے،اینٹی انکروچمنٹ پولیس کے 100 سے زائد اہلکار آپریشن میں شریک ہیں، پہلے مرحلے میں غیر قانونی شیڈز، باڑے اور دکانیں گرائی جا رہی ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنرنارتھ ناظم آباد ارسلان سلیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کارروائی کے دوران کسی کو بے گھرنہیں کیا جائے گا آپریشن میں گھر یا رہائشی جگہ کو نہیں توڑ رہے ہیں کمرشل بنیادوں پر بنائی گئی تجاوزات گرائی جا رہی ہیں۔
تجاوزات کیخلاف آپریشن کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری کے علاوہ سوئی گیس اور کے الیکٹرک کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق ندی نالوں کے دونوں طرف 30 فٹ کی جگہ کلیئر کی جائے گی۔ گزشتہ شب ایف سی ایریا کی مساجد سے اعلان کیا گیا کہ ڈی سی سینٹرل کی ہدایت ہے کہ تمام مکین بدھ کی صبح 7 بجےگھر خالی کرکے سامان کے ساتھ دوسری جگہ منتقل ہوجائیں جس کے بعد آپریشن شروع ہوجائے گا، مساجد سے ہونے والے اعلانات کے بعد ان علاقوں کے مکینوں میں تشویش کی لہر پیدا ہوگئی۔
کراچی میں نالوں سے تجازوات کیخلاف شروع کیا جانے والا آپریشن پر کیا واقعی حتمی بنیادوں پر عملدرآمد ہوگا یا پھر یہ بھی ماضی کے آپریشن کی طرح کچھ دن میڈیا کے زنیت بن کر ختم ہوجائے گا۔
