ملک کے بیشترعلاقوں میں آج اور کل موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی
اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشترعلاقوں میں آج اور کل موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کردی جبکہ لینڈ سلائیڈنگ ،ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ تمام ادارے الرٹ رہیں ، آج اور کل ملک کے بیشترعلاقوں میں تیز اور موسلا دھاربارشیں ہوں گی ، طغیانی ،اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے جبکہ کراچی سے خطرہ ٹل گیا تاہم گلگت والے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں برسات کا راج برقرار ہے ،پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بادل برسیں گے تو گلگت بلتستان میں تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ موسلادھاربارش کی بھی توقع ہے۔
شدید بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ،ندی نالوں میں طغيانی کا خدشہ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
گزشتہ روز پنجاب کے علاقے جوہرآباد میں 154،نورپورتھل 126 اوراٹک میں 114ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی جبکہ تربت42 اور لاڑکانہ میں 38سینٹی گریڈ کے ساتھ گرم ترین علاقے رہے۔
پنجاب میں بارشیں،دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند،مزید دیہات زیرآب
پنجاب کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے سے ملتان کے مزید دیہات زیر آب آگئے۔
مون سون بارشوں نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں جل تھل ایک کررکھا ہے، نشیبی علاقوں میں پانی بھی جمع ہے، کئی علاقوں میں گلی محلے اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کررہے ہیں۔
دریائے چناب میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے سے ملتان کے مزید دیہات زیر آب آگئے، ریسکیو 1122 نے متاثرہ دریائی علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔
کلورکوٹ کے نواحی علاقے علی خیل میں شدید بارش کے باعث دلہ برانچ نہر میں شگاف پڑ گیا، سیکڑوں ایکڑ رقبہ زیر آب آنے سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔
دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں تین لاکھ نوے ہزار کیوسک پانی ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز تک لاہور سمیت صوبے بھر میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
