خیبر پختونخوامیں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی،13 افراد جاں بحق

پشاور:خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی،مختلف...
اپ ڈیٹ 02 ستمبر 2020 01:22pm

پشاور:خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی،مختلف حادثات میں 13 افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے جبکہ ڈپٹی کمشنر نے سیاحوں کو سوات سے نکلنے کا حکم دے دیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق،بارش سے سوات میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ،مدین اور بحرین میں کئی مکانات ،متعدد رابطہ پل اور کئی فش فارمز سیلاب کی نذر ہوگئے جبکہ ضلع بھر میں اب تک 4 افراد جاں بحق جبکہ درجن سے زائد زخمی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے سیاحوں کو سوات سے نکلنے کا حکم دے دیا،عشیری درہ دیر میں بھی بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

دریائے عشیری کے کنارے پن چکی پن بجلی گھر بلاک فیکٹری اور لکڑی کے پل دریائے برد ہو گئے،پالام اور شومائی بنڑ میں 2مکانات بارش سے زمین بوس ہوگئے ۔

مانسہرہ کے علاقے اوگی حسین بانڈہ میں کچے مکان کی چھت گرنے سے 4افراد جان بحق جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہو گئیں ،جاں بحق افراد کی شناخت فصل الہی، محمد شبیر، نور اسلام اورمسماتہ (ب) کے نام سے ہوئی۔

بونیرمیں بھی چغرزی ریال الگرام میں گھر پر تودہ گرنے سے خاتون 2بچوں سمیت جاں بحق ہو گئی تاہم صوابی میں سیلابی ریلے سے متاثر ہونے والوں کیلئے امدادی کاروائی کے دوران دریائے ہنڈ سے 8 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔

ضلع بٹگرام میں بارش سے اب تک 2 بچیاں جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی ،لینڈسلائیڈنگ سے لنک سڑکیں بند ہوگئیں جبکہ کئی جگہوں پر تودے گرنے سے مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔

ضلع بھر میں بارش کی وجہ سے بجلی کی ترسیل بند ہوگئی،لینڈسلائیڈنگ سے واٹر سپلائی اسکیمیں شدید متاثر ہونے سے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔

انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے،دریائے کابل میں سیلابی ریلے سے دریا کے نزدیک نشیبی علاقے زیر اب آگئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے ذرائع کے مطابق صوبے بھر میں مختلف حادثات میں 5 اموات واقع ہوئیں جبکہ 20 افراد زخمی ہوگئے، 50 گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مالم جبہ میں سب سے زیادہ 176 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ، پٹن میں 101، ڈی آئی خان میں 78، کالام میں 76، دیربالا میں 52 اور لوئر میں 62، پشاور اور تخت بائی میں 37 جبکہ چترال میں 31 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران دیر ، سوات ، ما لاکنڈ، بونیر ، شانگلہ ، کوہستان ، ہری پور ، مانسہرہ ، ایبٹ آباد ، پشاور ، چارسدہ ، صوابی ، مردان ، نوشہرہ ، اورکزئی، ہنگو، کوہاٹ،بنوں، وزیرستان، ڈی آئی خان اور کرم میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور اس دوران موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مختلف واقعات میں 5 اموات واقع ہوئی جبکہ 20 افراد بھی زخمی ہوئے، 46 گھروں کو جزوی جبکہ 4 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سوات میں چکدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 55085 کیوسک ،منڈا 95300،خوازخیلہ 33000اور دریائےپانچکوڑہ 24263 کیوسک ہے جبکہ صوبے بھر میں دریاوں کے قریب رہنے والے افراد کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

Read Comments