شوگر کمیشن رپورٹ کالعدم قرار دینے کا سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل
اسلام آباد:وفاقی حکومت کیلئے اچھی خبرآگئی، سپریم کورٹ نے شوگرکمیشن رپورٹ کالعدم قرار دینے کا سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا ، وفاقی حکومت کی اپیل پرفریقین کونوٹسز بھی جاری کردیئے گئے۔
چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس اعجازالاحسن پرمشتمل سپریم کورٹ کے3رکنی بینچ نے شوگر کمیشن رپورٹ کالعدم قرار دینے کے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کخلاسف وفاقی حکومت کی اپیل پرسماعت کی۔
اٹارنی جنرل نے وفاقی حکومت کی جانب سے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ سندھ ہائیکورٹ نے فیصلے میں حقائق کو نظرانداز کیا،یہ وفاقی حکومت نہیں عوامی مفاد کا معاملہ ہے،تکنیکی غلطیوں پر رپورٹ کو کالعدم قرار نہیں دیا جاسکتا ۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ معاملے کی تحقیقات تو مختلف پہلوؤں سے ہونی چاہیئے ،نیب ،ایف آئی اے اور ایس ای سی پی سمیت متعلقہ ادارے تحقیقات کریں۔
اٹارنی جنرل نے بتایاکہ شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ صرف فیکٹ فائنڈنگ تھی کارروائی ابھی شروع ہی نہیں کی گئی تھی۔
سپریم کورٹ نے شوگر کمیشن رپورٹ کالعدم قرار دینے کا سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل سماعت کیلئے منظور کر لی گئی۔بعدازاں سپریم کورٹ نے مقدمے کی سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے شوگرکمیشن رپورٹ کو کالعدم قراردیا تھا،وفاق نےسندھ ہائیکورٹ کےفیصلےکیخلاف سپریم کورٹ سےرجوع کیا تھا ۔
