لباس پر تنقید: حلیمہ سلطان کا سوشل میڈیا صارف کو کرارا جواب
اسلامی تاریخ پر مبنی ترکش ڈرامہ سیریل 'ارطغرل غازی' میں حلیمہ سلطان کا کردار نبھانے والی اداکارہ اسراء بلگیچ نے مسلسل لباس اور لائف اسٹائل پر تنقید سے تنگ آکر پاکستانی سوشل میڈیا صارف کو کرار جواب دے دیا۔
اداکارہ اسراء بلگیچ کو پاکستان میں حلیمہ سلطان کے نام سے ہی شہرت حاصل ہے اور اُنہیں بے حد پسند بھی کیا جاتا ہے۔ اداکارہ ڈرامے میں نبھائے گئے کردار کے برعکس اپنی ذاتی زندگی میں عموماً مغربی لباس زیب تن کرتی ہیں اور اسی وجہ سے پاکستانی مداح اُن کی تصاویر پر کمنٹس میں تنقید بھی کرتے نظر آتے ہیں۔
ایک بار تو ایسا بھی ہوچکا ہے کہ انہوں نے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے تنقید سے بچنے کیلئے کمنٹس کا آپشن بھی آف کردیا تھا تاہم حالیہ تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے ایسا نہیں کیا اور لباس سے متعلق اخلاقیات کا درس دینے والے پاکستانی صارف کو کرار جواب دیتے ہوئے چُپ کروادیا۔
سوشل میڈیا صارف نے اُن کی تصویر پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'حلیمہ باجی برائے مہربانی ایسے لباس نہ پہنا کریں، یہ اچھے نہیں ہیں'۔
ماضی میں اداکارہ ایسے کمنٹس کو درگزر کرتی رہی ہیں تاہم اس بار انہوں نے خاموشی اختیار کرنے کی بجائے اُس پاکستانی صارف کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ 'آپ کو مشورہ دینا چاہتی ہوں کہ مجھے فالو کرنا چھوڑ دیں شکریہ'۔
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی خصوصی ہدایت پر اسلامی تاریخ پر مبنی ترکش ڈرامہ یکم رمضان المبارک سے پی ٹی وی پر اردو زبان میں ڈب کرکے نشر کیا جارہا ہے۔ اس ڈرامے کو نہ صرف عام پاکستانی ناظرین بلکہ کئی نامور شخصیات بھی خوب پسند کررہی ہیں۔