پلاٹ الاٹمنٹ کیس :نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
لاہور:احتساب عدالت نے پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔
لاہور کی احتساب عدالت کے جج اسد علی نے سابق وزیراعظم نوازشریف اوردیگر کیخلاف پلاٹس کی غیرقانونی الاٹمنٹ کیس کی سماعت کی۔
عدالت کے استفسار پر پولیس نے آگاہ کیا کہ نواز شریف کے گھر سمن نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔
نیب پراسیکیوٹر نےکہا کہ میاں نواز شریف کی رہائش گاہ پر بتایا گیا کہ وہ 6ماہ سے بیرون ملک ہیں، عدالت میاں نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرے۔
عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور پاکستانی ہائی کمیشن کو وارنٹ پر عمل درآمد کا حکم دے دیا ۔
نیب ریفرنس میں میاں نواز شریف، سابق ڈی جی ایل ڈی اے ہمایوں فیض اور میاں بشیر احمد سمیت دیگر کو نامزد کیا گیا ہے۔
ریفرنس کے مطابق مرکزی ملزم نے نواز شریف کی ملی بھگت سے 54 کنال زمین غیر قانونی طور پر الاٹ کروائی گئی جس سے قومی خزانے کو نقصان ہوا۔
