کورونا کی وجہ سے بند تعلیمی ادارے کھولنے کی ایک اور درخواست مسترد

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کورونا کی وجہ سے بند تعلیمی ادارے کھولنے...
شائع 04 ستمبر 2020 11:47am

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کورونا کی وجہ سے بند تعلیمی ادارے کھولنے کی ایک اور درخواست مسترد کردی۔

اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کورونا وائرس کی وجہ سے بند تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ میں نے پہلے بھی پٹیشن دائر کی عدالت نے متعلقہ ادارے سے رجوع کی ہدایت کی، میں نے متعلقہ اداروں میں درخواست دی لیکن کچھ نہیں ہوا، حکومت تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے سنجیدگی نہیں دیکھا رہی۔

دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کرنا ایگزیکٹو کا اختیار ہے،یہ عدالت مفروضے کی بنیاد پر تو کوئی حکم جاری نہیں کر سکتی، یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ مفاد عامہ کا اتنا اہم معاملہ ایگزیکٹو کے مدنظر نہ ہو۔

چیف جسٹس اسلام آباد نے ریمارکس دیئے کہ پالیسی کا معاملہ ہے اور عدالت ایسے معاملات میں مداخلت نہیں کرتی، ایگزیکٹو کا کام ہے اس کی ذمہ داری ہے انہیں اپنا کام کرنے دیں۔

عدالت نے درخواست گزار وکیل کے دلائل کے بعد درخواست مسترد کردی اور تعلیمی ادارے کھولنا یا بند رکھنا ایگزیکٹو کا اختیار قرار دے دیا۔

Read Comments