نیب آفس پرحملہ کیس: کیپٹن صفدر سمیت16لیگی رہنماؤں کی ضمانتیں خارج
لاہور کی سیشن کورٹ نے نیب آفس پر حملہ کیس میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر)صفدر سمیت 16ن لیگی رہنماؤں کی ضمانتیں خارج کردیں۔
مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کی نیب آفس لاہور پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی سے متعلق کیس کی سماعت لاہور کی سیشن کورٹ میں ہوئی،ایڈیشنل سیشن جج شکیل احمد نے درخواست پر سماعت کی۔
مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر)صفدر اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت میں حاضری کیلئے پیش ہوئے۔
کیپٹن (ر)صفدر کی جانب سے ان کے وکیل ایڈووکیٹ فرہاد علی شاہ نے دلائل دیئے اور مؤقف اختیار کیا کہ چوہنگ پولیس نے نیب آفس پر حملے اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں بے بنیاد مقدمہ درج کیا۔
پولیس نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات شامل کرلی گئی ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دہشتگردی کی دفعات شامل ہونے کے بعد سیشن کورٹ درخواست ضمانت کی سماعت نہیں کرسکتی، جس کے بعد عدالت نے کیپٹن (ر)صفدر سمیت 16لیگی رہنماؤں کی ضمانتیں خارج کردیں۔
