کراچی میں چند روز قبل شادی کرنے والے نوجوان کے قتل کیس کا ڈراپ سین

پولیس نے کراچی کے علاقے کورنگی میں نوجوان کا قتل ذاتی دشمنی...
اپ ڈیٹ 05 ستمبر 2020 10:03am

پولیس نے کراچی کے علاقے کورنگی میں نوجوان کا قتل ذاتی دشمنی کاواقعہ قرار دے دیا۔

پولیس نے قتل میں ملوث دونوں ملزمان کا سراغ بھی لگا لیا۔ ایک ملزم نعمان گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش معلوم ہوا کہ ملزمان نے واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی، لیکن اصل میں منیب کا قتل لڑکی سے آشنائی کی وجہ سے کیا گیا۔ واردات کے وقت ملزمان نے کچھ فاصلے پر جا کر مقتول منیب کا موبائل فون بھی توڑ دیا تھا۔

پولیس کے مطا بق مقتول منیب کی ایک ماہ قبل شادی تھی۔ مقتول کراچی کے علاقے کورنگی کا رہائشی تھا۔

گزشتہ روز واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد پولیس نے کہا تھا کہ بظاہر یہ ڈکیتی کا واقعہ معلوم ہوتا ہے۔

تاہم اب واقعے کی مزید تفتیش کرنے کے بعد پولیس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ قتل کی یہ ٹارگٹڈ کارروائی مبینہ طور پر ایک لڑکی کی وجہ سے کی گئی ہے۔

جس لڑکی کی وجہ سے قتل کیا گیا وہ ایک فیکٹری ورکر ہے۔ پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان نے قتل کی واردات کے بعد پولیس کو گمراہ کرنے کے لیے ڈکیتی کا ڈراما رچایا تھا۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کورنگی کی فیکٹری میں ملازمت کرتے ہیں۔ ملزمان نے منیب کو فون کر کے بلایا اور قتل کر دیا۔ جب منیب آیا تو ایک ملزم نے اس سے فون لیا اور پھر یکے بعد دیگرے اسے گولیاں مار دیں۔

پولیس کے مطابق قتل میں ملوث ایک ملزم نعمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔

Read Comments