سات ستمبر یومِ فضائیہ: جب ایک حملے میں 53 بھارتی طیارے تباہ کئے گئے
جھپٹنا پلٹنا، پلٹ کر جھپٹنا اور پھر دشمن کو بھاگنے پر مجبورکردینا، یہ کام ہے آسمانوں کا سینا چاک کرنے والے پاک فضائیہ کے شاہینوں کا۔
سات ستمبر کو دشمن کو ایسا سبق سکھایا جو تاریخ میں رقم ہوگیا، آج ملک بھر میں یوم فضائیہ جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
قوم کے شاہینوں کو سلام پیش کرنے کیلئے آج تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ ملک بھر میں ائیرفورس کے شہداء اورغازیوں کوخراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
6 ستمبر 1965ء کو جنگ کے پہلے ہی دن پاک فضائیہ نے پٹھان کوٹ، آدم پور اور ہلواڑہ کے ہوائی اڈوں پر حملہ کیا اور 7 ستمبر کو شام پانچ بجے سے پہلے دشمن کے 53 طیارے تباہ کردیے۔
اس فضائی برتری کو ہمیشہ برقرار رکھنے کے عزم کا آج ایک بار پھر اعادہ ہوگا۔ اسی جنگ کے دوران پاک فضائیہ کے ہیرو اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم نے سترہ روزہ معرکے میں 9 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے۔
انہوں نے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں 5 بھارتی طیاروں کو مار گرانے کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔ ایم ایم عالم نے وطن عزیز کے دفاع میں جرات و بہادری کی ایسی مثال قائم کی جو تاریخ کے اوراق میں محفوظ ہو چکی ہے۔ وطن کے اس عظیم ہیرو کو دو مرتبہ ستارہ جرات سے نوازا گیا۔
ایم ایم عالم کی صلاحیتوں کا اندازہ انسٹرکٹرز کو اکیڈمی میں تربیت کے دوران ہی ہو گیا تھا۔ خود ایم ایم عالم پاک فضائیہ اور دشمن کی جنگی تیاریوں کا تقابل کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ عددی اعتبار سے دشمن بہت بھاری تھا۔
پاک فضائیہ کے نوجوان پائلٹس کی بھارت کے مقابلے میں صلاحیتوں کا اعتراف ایم ایم عالم نے بھی کیا تھا۔ قوم کے قابل فخر سپوت نے 18 مارچ 2013 کو 78 برس کی عمر میں دنیائے فانی کو خیر باد کہا۔ ان کا نام رہتی دنیا تک زندہ رہے گا۔