جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، آرمی چیف

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ جنگ تھوپی...
شائع 07 ستمبر 2020 02:40pm

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے،ہم نے کل بھی کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی تھی،آج بھی ناپاک عزائم کو شکست دینے کیلئے تیار ہیں، کشمیر پر کسی لچک کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔

یوم دفاع کے موقع پرراولپنڈی میں فوجی ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو )میں فوجی اعزازت تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی ،جس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا،تقریب میں شہدا،غازیوں کےاہلخانہ اورحاضرسروس افسران نے شرکت کی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے پاک فوج کے غازیوں اور شہدا ءکے لواحقین میں اعزازات تقسیم کئے،جرات کامظاہرہ کرنےوالوں کواعزازات سےنوازاگیا۔

آرمی چیف نے40افسروں کو ستاہ امتیازملٹری سےنوازا،24افسروں اورجوانوں کوتمغہ بسالت سے نوازا گیا،ایک جوان کویونائٹیڈنیشن میڈل سےنوازاگیا جبکہ شہداءکےاعزازات ان کےاہلخانہ نے وصول کئے۔

لیفٹیننٹ کرنل حافظ عبدالمالک اور لیفٹیننٹ کرنل عدنان امیر خان ،کیپٹن عرفان حسین اور کیپٹن حیدر ایو ب ،بریگیڈیئر ایوب حیدر، صوبیدار خورشید احمد اور نائب صوبیدار ارشاد علی کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔

اس کے علاوہ نائب صوبیدار شہید گل شہادت، حوالدار مشتاق احمد شہید، حوالدار عزیز الرحمان شہید، حوالدار افتخار احمد شہید، لارنس نائیک مرزا محمد آصف شہید، لارنس نائیک محمد جہانگیر بادشاہ شہید، سپاہی عثمان علی شہید، سپاہی گل رائب خان شہید سمیت دیگر کئی شہدا ءکو بھی تمغہ بسالت سے نوازا گیا جن کے اعزازات ان کے اہلخانہ نے وصول کئے۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ جس طرح شہداء ہمارا فخر ہے اسی طرح ان کے لواحقین بھی ہیں، آپ کے سینے پر سجائے جانے والے میڈل ہم سب کیلئے باعث فخر ہے،پاکستان ایک علیحدہ تشخص کے نظریے پر برقرار ہے، ہمارے دشمن سازشوں کا جال بنتے آئے ہیں لیکن افواج پاکستان نے ان کی سازشوں کو ناکام بنایا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج جیسی دلیر فوج کی کمانڈ کرنا اعزاز ہے، پاکستان سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، پاکستان قوم کی فوج سے محبت لازوال اور غیر متزلزل ہے، ففتھ جنریشن وار کی صورت میں ہم پر ایک جنگ مسلط کی گئی، اس جنگ کو بھی جیتنے میں ہم کامیاب ہوں گے۔

سربراہ پا ک فوج کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے دہشتگردی کیخلاف اعصاب شکن جنگ لڑی، ہزاروں جانوں کی قربانیاں دیں، لاکھوں دربدر ہوئے، کورونا اور دیگر آفات میں بھی ہم ہمت نہ ہارے، ہم نے امن کو خوشحالی اور ترقی میں تبدیل کرنا ہے،افغانستان میں قیام امن کی کوششوں میں پاکستان کا کلیدی کردار ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ بھارت نے غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کررکھا ہے، بھارت نے خطے کو مزید خطرات سے دوچار کردیا ہے،کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، ہم کسی بھی لچک کا مظاہرہ نہیں کریں گے، وقت ہمیں کئی بار آزما چکا ہے، پاکستان ایک زندہ حقیقت ہے، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

Read Comments