سندھ بھر میں بارش کی تباہ کاریاں، وزیراعلیٰ سندھ کا وزیراعظم کوخط
کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا، خط میں وفاقی حکومت سے کراچی اور اندرون سندھ بارش متاثرین کی فوری امداد کیلئے 10ارب روپے کی معاونت کی درخواست کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کو خط میں بارش متاثرین کی بحالی کیلئے فوری مددکی درخواست کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں بتایا کہ آپ کے دورے میں اس معاملے پر بات ہوئی تھی، آپ نے تباہ کاریوں کی تفصیلات پوچھی تھیں۔
خط میں وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے بتایا گیا کہ کراچی میں انفرا اسٹرکچر متاثر ہونے کے باعث سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے پانچ ارب درکار ہیں جبکہ اتنے ہی پیسے صوبے کے دیگر اضلاع کیلئے بھی ضرورت ہوگی ،سندھ حکومت اتنی بڑی رقم تنہا فراہم نہیں کرسکتی، وفاقی حکومت اس منصوبے پر عملدرآمد کیلئے اخراجات کرے۔
خط کے متن کے مطابق سندھ حکومت نے 20 اضلاع کو آفت زدہ قراردیا ہے، ریکارڈ بارش سے 25لاکھ کے قریب لوگ متاثر ہوئے ہیں، بارش سے 136افراد جاں بحق،86 زخمی ہوئے ہیں، 10 لاکھ ایکٹر پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں، 15ہزار گوٹھوں میں 77ہزارمکانات مکمل تباہ ہوچکے ہیں، ایک لاکھ 37 ہزار مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے درخواست کی کہ متاثرین کیلئے ایک لاکھ روپے فی خاندان دیا جائے، مراد علی شاہ نے امداد کی فراہمی وطن کارڈ کے ذریعے کرنے کی تجویز دی، جاں بحق افراد کے ورثا کو 5 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 2 لاکھ روپے دیئے جائیں۔
خط میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بارش سے متاثرہ علاقوں میں کسانوں کیلئے زرعی قرضوں کی واپسی ایک سال کیلئے معطل کرنے کی بھی تجویز دی ہے۔
