پنجاب میں بھی تعلیمی ادارے 15ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان
لاہور:سندھ کے بعد پنجاب میں بھی تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کردیاگیا۔
وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے صوبے بھر میں تعلیمی ادارے 15ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
صوبائی وزیرتعلیم کا کہنا ہے کہ صوبے میں کالجز15ستمبر سے کھولے جائیں گے،9ویں سے12ویں جماعت تک کلاسز15ستمبرسےکھلیں گی،6سے8ویں جماعت کی کلاسز22ستمبرسےکھلیں گی جبکہ 5ویں سےپرائمری تک کلاسز30ستمبرسےکھلیں گی۔
مراد راس نے کہا کہ پنجاب میں کسی بھی جگہ تعلیمی اداروں میں ڈبل شفٹ کی اجازت نہیں ہوگی،تمام جماعتوں کےطلبہ کومتبادل دنوں پربلایاجائے گا جبکہ تعلیمی اداروں میں ایس اوپیز پرعملدرآمد لازمی ہوگا۔
صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تمام اسکولوں کو پابند کیا جائے گا کہ وہ حکومت کی جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد کو ہر ممکن یقینی بنائیں۔
اس سے قبل ترجمان وزیر تعلیم سندھ بھی 15 ستمبر سے نویں، دسویں، انٹر اور یونیورسٹیز کی سطح پر تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
