سی سی پی او لاہور کی تعیناتی پر آئی جی پنجاب کا کام کرنے سے انکار

لاہور:آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور کا تنازعہ شدت اختیار...
شائع 08 ستمبر 2020 02:24pm

لاہور:آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور کا تنازعہ شدت اختیار کرگیا، وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے باوجود آئی جی شعیب دستگیر آج بھی دفتر سے غیر حاضر رہے، انہوں نے موجودہ حالات میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

آئی جی پنجاب شعیب دستگیر اپنی مرضی کے برخلاف سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی تعیناتی پر آج بھی دفتر نہ پہنچے، جس پر سنٹرل پولیس آفس میں گو مگو کی کیفیت ہے،موجودہ صورتحال میں آئی جی کا اسٹاف اور سینئر افسران بھی آفس نہ پہنچے۔

شعیب دستگیر کی وزیر اعلی عثمان بزدار سے گزشتہ روز کی ملاقات بھی نتیجہ خیز ثابت نہ ہوئی جس میں انہوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے چارج سنبھالنے کے بعد تمام افسران کو آئی جی کا کوئی بھی حکم ماننے سے قبل ان سے اجازت لینے کا حکم دیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی نے سی سی پی او کی موجودہ سیٹ پر رہنے کی صورت میں اپنے عہدے پر کام کرنے سے معذرت کرلی تھی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب معاملہ افہام و تفہیم سے حل کروانا چاہتے ہیں کیونکہ سی سی پی او کی تعیناتی وزیراعظم کی منظوری سے ہوئی ہے اور اگر معاملہ حل نہ ہوا تو پھر آئی جی پنجاب کی تبدیلی پر بھی غور ہوسکتا ہے۔

Read Comments