وفاقی وزیرپلاننگ اسد عمر کا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو خط
اسلام آباد:وفاقی وزیرپلاننگ اسد عمر نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو خط لکھ دیا ،جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ کراچی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے کے فورپی سی ون فوری پلاننگ کمیشن کو بھجوائی جائے ۔
وفاقی حکومت کراچی میں پانی کی فراہمی کے منصوبے پر فوری کام کرنا چاہتی ہے،اس حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھ دیا۔
خط میں وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کی گئی ہے کہ متعلقہ صوبائی اداروں کو ہدایت کریں کہ گریٹر کراچی واٹر سپلائی اسکیم کے پی سی ون پر نظرثانی اورتبدیلی کا عمل جلد مکمل کریں، منظوری کیلئے منصوبہ بندی کمیشن کو پیش کیا جاسکے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ہماری حالیہ ملاقاتوں میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ وفاقی حکومت کراچی میں پانی فراہمی کے منصوبے پر عملدرآمد کی ذمہ داری لے گی۔
خط میں وزیر اعلیٰ سندھ سے کہا گیا ہے کہ متعلقہ صوبائی اداروں کو ہدایت کریں کہ منصوبے پر لاگت کے تخمینے سے متعلق نظرثانی یا تبدیلی سے متعلق امور کو تیز تر بنیادوں پر مکمل کر کے حتمی منظوری کیلئے منصوبہ بندی کمیشن کو بجھوائیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی میں کےفور سمیت دوسرے منصوبوں پر عملدرآمد کی خواہاں ہے،منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کیلئے صوبائی حکام کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔
