بابائےقوم قائداعظم محمد علی جناح کی 72ویں برسی آج منائی جارہی ہے

کراچی :بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا72ویں یوم وفات آج...
اپ ڈیٹ 11 ستمبر 2020 10:19am

کراچی :بابائے قوم اورپاکستان کے پہلے گورنر جنرل قائداعظم محمد علی جناح کی 72ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔

ہجوم کو جس نے ایک قوم بنایا، وطن عزیز کو دنیا کے نقشے پر آویزاں کرایا، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 72ویں برسی کے موقع پر بابائے قوم کو تمام پاکستانیوں کی جانب سے سلام عقیدت پیش کیا گیا ۔

قائد اعظم کی 72ویں برسی کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کے زیراہتمام تقریبات وسیمینارز، کانفرنسز اور دیگر پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

یوم قائد اعظم کے موقع پر کراچی سمیت مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات منعقد ہوںگی جن میں ان کی خدمات پرروشنی ڈالی جائے گی۔

یاد رہے قائد اعظم محمد علی جناح ایک عہد کا نام ہے، قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم کا آغاز 1882 میں کیا۔

محمد علی جناح نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز 1906 میں انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت سے کیا تاہم انیس سو تیرہ میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرلی، آپ نے خود مختار ہندوستان میں مسلمانوں کے سیاسی حقوق کے تحفظ کی خاطر مشہور چودہ نکات پیش کئے۔

قائد اعظم کی قیادت میں برِصغیر کے مسلمانوں نے نہ صرف برطانیہ سے آزادی حاصل کی بلکہ تقسیمِ ہند کے ذریعے پاکستان کا قیام عمل میں آیا اور آپ پاکستان کے پہلے گورنر جنرل بنے۔

قائد اعظم کی قیادت میں مسلمانوں نے الگ ملک کیلئےجدوجہد کی لیکن قیام پاکستان کے صرف ایک سال بعد وہ اس جہان فانی سے رخصت ہوگئے۔

Read Comments