لاہور ہائیکورٹ کا ماحولیاتی آلودگی پیدا کرنے والی فیکٹریوں کیخلاف کارروائی کا حکم
لاہور ہائیکورٹ نے ماحولیاتی آلودگی پیدا کرنےوالی فیکٹریوں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا ،عدالت نے پولیس کو محکمہ ماحولیات کو معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ماحولیاتی آلودگی کیخلاف ہارون یوسف کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے نشاندہی کی کہ محکمہ ماحولیات آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس کیخلاف کارروائی کرتا ہے لیکن پولیس تعاون نہیں کرتی۔
وکیل نے استدعا کی کہ سی سی پی او کو محکمہ ماحولیات سے تعاون کرنے کا حکم دیا جائے،جس پرعدالت نے باور کرایا کہ سی سی پی او کو کیوں کہنا ہے؟ وہ تو اپنے آئی جی کی بھی نہیں سنتے۔
عدالت نے شہر میں اینٹی اسموگ ٹاورز نصب کرنے کیلئے فریقین کے وکلاء کو معاونت کیلئے طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ فصلوں کو جلانے پر دفعہ 144 کے نفاذ کے عمل پر پیش رفت ہوئی۔
سرکاری وکیل نے بتایا کہ حکومت فصلوں کو جلانے پر پابندی کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے،ماحولیا تی آلودگی کے معاملے پر مزید کارروائی 18 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔
