نوری آبادکےقریب مسافروین میں خوفناک آتشزدگی، 14افراد جاں بحق
کراچی :نوری آباد کے قریب مسافر وین میں خوفناک آتشزدگی کے باعث 14افراد جاں بحق جبکہ 9شدید زخمی ہوگئے جبکہ ایک بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
حیدرآباد سے کراچی کا سفر موت کی وادیوں میں لے گیا، بھڑکتے شعلے کئی زندگیاں بجھا گئے، سپرہائی وے نوری آباد کے قریب مسافر وین رواں دواں تھی،گاڑی میں 22 مسافر سوار تھے کہ اچانک آگے والی گاڑی کا بونٹ ٹوٹ کر پیچھے والی وین کی ونڈ اسکرین پر آ لگا۔
جس کے بعدوین بے قابو ہو کر قلابازیاں کھا گئی اور سڑک سے نیچے جا گری، اسی دوران گاڑی میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 14افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
اس سے قبل کہ ریسکیو ٹیمیں پہنچتیں خوفناک آگ اپنا کام کرچکی تھی،آہ و بکا کا عالم تھا ، اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں نے گاڑی سے مسافروں کو نکالنا چاہا لیکن آگ کے شعلوں کی شدت سے ریسکیو کا عمل ممکن نہ ہوسکا۔
کچھ دیر بعد فائر بریگیڈ کی گاڑی اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پہنچیں، لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اس وقت تک کئی زندگیاں لقمہ اجل بن چکی تھیں۔
